تاثیر،۲۰ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ۔ مقامی سی۔ایم کالج، دربھنگہ نے قومی سطح کی رینکنگ ایجنسی این آئی آر ایف یعنی نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک کے لئے اپنی درخواست داخل کردی ہے ۔ واضح ہو کہ قومی سطح پر تعلیمی اداروں کی رینکنگ کے لئے مذکورہ سرکاری تنظیم کام کرتی ہے ۔ سی۔ایم کالج گذشتہ کئی سالوں سے اس میں شامل ہو رہا ہے ۔ یہ اطلاع کالج کے پرنسپل پروفیسر مشتاق احمد نے دی ہے۔پروفیسر احمد نے کہا کہ این آئی آر ایف کے لئے کالج میں نوڈل آفیسر ڈاکٹر انوپم کمار سنگھ کو بنایا گیا ہے اور ان کے ساتھ آئی کیو اے سی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آشیش کمار بریار نے مسلسل اپنی کوششوں کے ذریعہ اس مقابلہ جاتی اداراتی رینکنگ میں کالج کی درخواست داخل کرتے آرہے ہیں۔ اس سال سی ایم کالج دربھنگہ نے دو زمرے میں اپنا فارم داخل کیا ہے ۔ اول اوور آل کیٹیگری اور دوسرا کالج کیٹیگری میں اپنا دعویٰ پیش کیا ہے۔ پروفیسر احمد نے کہا کہ ہر سال جب این آئی آر ایف اپنا ریزلٹ جاری کرتا ہے تو اس میں بہار کی حصہ داری مایوس کن رہتی ہے ۔اگرچہ اس تلخ سچائی سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ ہمارے پاس قومی سطح کے بنیادی ڈھانچے نہیں ہیں لیکن ہمیں اس طرح کی قومی رینکنگ میں حصہ ضرور لینا چاہئے تاکہ قومی سطح پر بہار کے کالجوں اور یونیورسٹیوں کی تعداد بڑھ سکے۔انہوں نے اپنے کالج کے کوآرڈینیٹر اور دیگر معاون اساتذہ کے تئیں اظہارِ تشکر پیش کیا کہ وہ اس کام کے لئے سال بھر سنجیدگی سے ڈاٹا جمع کرتے ہیں اور این آئی آر ایف پورٹل پر اپنی دعویداری پیش کرتے ہیں ۔ انہو ںنے امید ظاہر کی ہے کہ اس بار ہماری محنت رنگ لائے گی اور ہمارے حق میں نتیجہ بہتر ہوگا۔انہو ںنے ریاست بہار کے دیگر کالجوں سے بھی گذارش کی کہ این آئی آر ایف کے پورٹل پر اپنی دعویداری ضرور پیش کریں۔

