دھار کی تاریخی بھوج شالہ میں اے ایس آئی کا سروے 16ویں دن بھی جاری

تاثیر،۶  اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دھار، 6 اپریل: مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی اندور بنچ کے حکم پر دھار کی تاریخی بھوج شالہ میں محکمہ آثار قدیمہ کا سروے ہفتہ کو 16ویں دن بھی جاری ہے۔ دہلی اور بھوپال کے عہدیداروں کی 25 رکنی سروے ٹیم صبح آٹھ بجے مزدوروں کے ساتھ بھوج شالہ کے احاطے میں داخل ہوئی اور جدید آلات اور سائنسی طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے سروے کا کام شروع کیا۔ سروے ٹیم کے ساتھ ہندو کی طرف سے گوپال شرما، آشیش گوئل اور مسلم فریق سے عبدالصمد خان بھی بھوج شالہ پہنچے۔ بھوج شالہ کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
دراصل ایک دن پہلے جمعہ کو نماز کی وجہ سے اے ایس آئی کی ٹیم نے صبح 6 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہی سروے کیا تھا۔ ہفتہ کو یہاں شام پانچ بجے تک سروے کا کام جاری رہے گا۔ سروے ٹیم نے بھوج شالا کی مرکزی عمارت کے ارد گرد کھدائی کے لیے جن 13 مقامات کی نشاندہی کی ہے، ان میں سے فی الحال تین جگہوں پر کھدائی کا کام کیا جا رہا ہے۔