تاثیر،۱۳ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جھجر، 13 اپریل : بہادر گڑھ کی رہائشی کالونی روہیل ریزیڈنسی میں لیو ان ریلیشن شپ میں رہنے والے یوٹیوبر جوڑے نے چھٹی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی ہے۔ متوفی جوڑا یوٹیوب پر اپنا چینل چلاتا تھا اور اس کے لیے شارٹ فلمیں بھی بناتا تھا۔ ابھی ایک ماہ قبل ہی یہ دونوں اپنی ٹیم کے ساتھ دہرادون سے بہادر گڑھ آئے تھے۔ یہاں انہوں نے روہیل ریزیڈنسی کی چھٹی منزل پر فلیٹ نمبر 701 کرائے پر لیاتھا، جہاں وہ اپنے تقریباً 5 ساتھیوں کے ساتھ رہ رہے تھے ۔ مرنے والوں کی شناخت 25 سالہ گروت اور 22 سالہ نندنی کے طور پر کی گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ جب وہ جمعہ کی رات دیر گئے شوٹنگ کے بعد گھر واپس آئے تو دونوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ جس کے بعد دونوں ہفتہ کی صبح تقریباً چھ بجے چھٹی منزل سے نیچے کودگئے ۔اس سے ان کی موت ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر سول اسپتال پہنچا دیا۔ جہاں دونوں کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ پولیس نے متوفی کے اہل خانہ کو بھی اطلاع کر دی ہے۔
لواحقین کے بیان کی بنیاد پر کیس میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال ایف ایس ایل کی ٹیم بھی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی چھان بین کی جائے گی۔ پولیس کے تفتیشی افسر جگبیر کا کہنا ہے کہ ضابطے کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔ ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ گروت ہفتہ کی صبح ہی آیا تھا۔ اس کے بعد اس نے نندنی سے بات کی اور کچھ دیر بعد دونوں کی لاشیں نیچے زمین پر پائی گئیں۔ ان کے ساتھ رہنے والے نوجوان اور خواتین نے ان دونوں کو سنبھالا اور ہسپتال لے گئے۔ جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

