لوک سبھا انتخابات کے نتائج تبدیلی کا اشارہ ، انڈیا الائنس کی میٹنگ میں طے ہوگا اگلا کردار : شرد پوار

تاثیر۴       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 04 جون: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (ایس پی) کے صدر شرد پوار نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج ملک میں تبدیلی کا اشارہ دے رہے ہیں۔ ووٹروں نے گمراہ کن پروپیگنڈے کے بجائے کسانوں کے مدعے، مہنگائی، بے روزگاری جیسے بنیادی مسائل پر ووٹ دیا ہے۔ شرد پوار نے کہا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سیتارام یچوری سے بات چیت ہوئی ہے۔ اگر بدھ کو دہلی میں انڈیا الائنس کی میٹنگ ہوتی ہے تو وہ اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں آئندہ کردار طے کیا جائے گا۔
شرد پوار نے منگل کو ممبئی میں نامہ نگاروں سے کہا کہ مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی کی کارکردگی بہتر رہی ہے۔ ان کے کل 10 امیدواروں میں سے 7 جیت رہے ہیں۔ اسی طرح کانگریس کے 11 اور شیوسینا (یو بی ٹی) کے 11 امیدوار جیت رہے ہیں۔ اس الیکشن میں عام لوگوں نے بہت سوچ سمجھ کر ووٹ دیا ہے۔
شرد پوار نے کہا کہ ہندی پٹی میں بھی تبدیلی نظر آئی ہے۔ خاص طور پر اتر پردیش کے لوگوں نے بھی تبدیلی کا اشارہ دیا ہے۔ پہلے بی جے پی کو اتر پردیش اور ان علاقوں میں بڑے مارجن سے فائدہ ہوا تھا، لیکن اب نتائج کے مطابق فرق محدود ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر ہمارے اتحادی دار اتر پردیش اور دہلیکے بیلٹ میں کام کرتے ہیں، اگر ہم وہاں زیادہ توجہ دیں گے تو وہ علاقہ مستقبل میں ہمارے لیے سازگار ہوگا۔