سابق وزیر اعلی چمپائی سورین 30 اگست کو بی جے پی میں شامل ہوں گے

تاثیر  ۲۷   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

رانچی، 27 اگست: ریاست میں سیاسی غیر یقینی کی صورتحال پیر کی رات ختم ہوگئی۔ جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی چمپائی سورین 30 اگست کو بی جے پی میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔ پیر کی رات انہوں نے دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما اور چمپائی سورین کے بیٹے بابولال سورین بھی موجود تھے۔ اس کے بعد ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ جانکاری آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے خود دی۔ انہوں نے ‘ایکس’ پر لکھا کہ جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور ہمارے ملک کے ممتاز قبائلی رہنما چمپائی سورین نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ وہ 30 اگست کو رانچی میں باضابطہ طور پر بی جے پی میں شامل ہوں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 28 اگست کو چمپائی سورین رانچی آئیں گے اور پارٹی اور حکومت میں اپنے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیں گے۔