ابھیشیک بنرجی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکی دینے والا گرفتار

تاثیر  ۲۷   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 27 اگست:ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری اور لوک سبھا ممبر ابھیشیک بنرجی کی نابالغ بیٹی کو ریپ کرنے کی دھمکی دینے کے معاملے میں مغربی بنگال پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ یہ گرفتاری شمالی 24 پرگنہ ضلع کے میناخان بلاک کے موتھا آبادی کے رہنے والے مسعودل ملا کے روپ میں کی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اسے منگل کی صبح گرفتار کیا گیا۔
یہ گرفتاری اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد عمل میں آئی جس میں ایک شخص کو کولکاتا کے آر جی کر میڈیکل کالج اور اسپتال میں ایک خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف نکالی گئی ریلی میں دھمکیاں دیتے ہوئے دیکھا اور سنا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شخص نے یہ دھمکی 25 اگست کی دوپہر اکھل بھارتیہ دھرم نرپیکش مورچہ کی طرف سے منعقدہ ایک احتجاجی ریلی کے دوران دی تھی۔ اس مورچہ کی قیادت نے کہا کہ ملزم کے تبصرے ذاتی تھے اور پارٹی قیادت ایسے تبصروں کی حمایت نہیں کرتی اور نہ ہی ان کی ذمہ دار ہے۔
یہ گرفتاری مغربی بنگال کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس کی چیئرپرسن تولیکا داس کی جانب سے پولیس کو اس معاملے میں فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کے ایک دن بعد ہوئی ہے۔ داس نے پولیس سے کہا تھا کہ وہ کیس میں درج پہلی معلوماتی رپورٹ(ایف آئی آر) اور دیگر متعلقہ دستاویزات کے ساتھ ساتھ کارروائی کی رپورٹ دو دن کے اندر کمیشن کو پیش کرے۔
معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے کمیشن نے دعویٰ کیا کہ جائے وقوعہ پر متعلقہ شخص کو اس گھناؤنے جرم کے مرتکب کے لیے 10 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کرتے ہوئے بھی دیکھا اور سنا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ترنمول کانگریس کے مختلف لیڈروں نے بھی اس معاملے میں مختلف تھانوں میں شکایتیں درج کرانا شروع کر دی تھی۔