جموں خطے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کا ذمہ دار کون ہے:عمر

تاثیر  ۲۷  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں, 27 ستمبر:نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جموں خطے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے واقعات پر بی جے پی کی زیر قیادت مرکز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور سوال اٹھایا کہ 2014 کے بعد اس علاقے میں دہشت گردی کا ذمہ دار کون ہے۔سابق وزیر اعلیٰ عمر نے الزام عائد کیا کہ پچھلے تین سالوں میں دہشت گردی میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج جموں کی صورتحال بگڑ رہی ہے۔یہاں ہمارے بہادر سپاہی آج نشانہ بن رہے ہیں، اس کا جواب بی جے پی کو دینا چاہیے۔ انہیں بتانا چاہیے کہ 2014 کے بعد جموں میں دہشت گردی کیوں پھیلی اور پچھلے تین سالوں میں دہشت پسندی کا گراف اچانک کیوں بڑھا؟ یہ ان کی ناکامی ہے، انہیں اس کو تسلیم کرنا چاہیے اور عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔