تاثیر 02 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
قاہرہ،02نومبر:ایک فلسطینی ذریعے نے “العربیہ” نیوز چینل کو بتایا ہے کہ فلسطینی تنظیم فتح تحریک کا ایک وفد مصری دار الحکومت قاہرہ پہنچا ہے۔ یہاں وہ مصر کی سرپرستی میں حماس کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔ فریقین کے بیچ مصالحت اور غزہ کی پٹی کی صورت حال زیر بحث آئے گی۔ذریعے کے مطابق فتح تحریک کا وفد تنظیم کے نائب صدر محمود العالول اور مرکزی کمیٹی کے دو ارکان عزام الاحمد اور روحی فتوح پر مشتمل ہے۔ذریعے نے مزید بتایا کہ فتح اور حماس کی خصوصی ملاقات آج ہفتے کے روز قاہرہ میں ہو رہی ہے۔ ملاقات میں غزہ کی پٹی کے مستقبل پر بات چیت ہو گی۔ فلسطینی صدر محمود عباس اتوار کو قاہرہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ مصری ذمے داران سے ملاقات کریں گے۔
حماس تنظیم نے تصدیق کی ہے کہ وہ غزہ میں عارضی جنگ بندی اور قیدیوں کے جزوی تبادلے سے متعلق پیش کردہ حالیہ تجاویز مسترد کر چکی ہے۔ تنظیم نے ایک بیان میں بتایا کہ ان تجاویز میں مستقل فائر بندی، غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوج کا انخلا اور بے گھر افراد کی واپسی جیسے امور شامل نہیں ہیں۔