حسن نصر اللہ نے’پیجر‘ دھماکا اپنی آنکھوں سے دیکھا ، موساد کے ایجنٹ کا انکشاف

تاثیر  23  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب،23دسمبر:اسرائیل کی جانب سے افشا ہونے والی نئی تفصیلات نے کچھ عرصہ قبل لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے ارکان کے زیر استعمال “پیجر” آلات کے دھماکوں کی کارروائی کے حوالے سے خطر ناک انکشافات پیش کیے ہیں۔ اس سلسلے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ حزب اللہ کے سابق سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ نے پیجر آلات کو اپنی آنکھوں کے سامنے دھماکے سے پھٹتے ہوئے دیکھا تھا۔یہ بات نصر اللہ کے حلقے میں موجود اسرائیلی جاسوس نے بتائی۔ اس کے مطابق حزب اللہ کے سابق سربراہ نے جب اپنے کمرے میں پیجر آلات کے ذریعے اپنے کارکنان کو تکلیف میں مبتلا ہوتے دیکھا تو اسے موساد کی اس خفیہ کارروائی سے شدید خوف محسوس ہوا۔اسرائیلی جاسوس کے یہ انکشافات اسرائیلی ٹی وی چینل 12 نے جاری کیے ہیں۔اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے پیجر کارروائی کے حوالے سے نئی تفصیلات کے انکشافات کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کارروائی نے حزب اللہ ملیشیا پر کاری ضرب لگائی تھی۔اسرائیلی چینل 12 کے مطابق پیجر آلات میں استعمال ہونے والے دھماکا خیز مواد کو کئی بار بہتر بنایا گیا تا کہ نشانہ بنائے جانے والے عناصر کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچایا جا سکے۔