تاثیر 20 فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 20 فروری: 1998 میں سشما سوراج کے بعد آج بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریکھا گپتا دہلی کی وزیر اعلی بن چکی ہیں۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے آج ریکھا گپتا کو دہلی کی وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف دلایا۔ ریکھا گپتا کے بعد پرویش صاحب سنگھ، آشیش سود، منجندر سنگھ سرسا، رویندر اندراج سنگھ، کپل مشرا اور پنکج کمار سنگھ نے دہلی کے رام لیلا میدان میں وزیر کے طور پر حلف لیا۔
بی جے پی نے 2 دسمبر 1993 کو دہلی میں پہلی بار حکومت بنائی۔ اس وقت مدن لال کھرانہ دو سال 86 دن وزیر اعلیٰ رہے۔ اس کے بعد بی جے پی نے صاحب سنگھ ورما کو وزیر اعلیٰ بنایا اور وہ دو سال 228 دن تک وزیر اعلیٰ رہے۔ اس کے بعد سشما سوراج 52 دن تک دہلی کی وزیر اعلیٰ رہیں، جن کی مدت ملازمت 12 اکتوبر 1998 کو شروع ہوئی اور 3 دسمبر 1998 کو ختم ہوئی۔ اس کے بعد دہلی پر کانگریس نے 15 سال اور عام آدمی پارٹی نے دس سال حکومت کی۔
اب وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ریکھا گپتا کے پاس وزیر اعظم نریندر مودی کی ضمانتوں کو پورا کرنے کی ذمہ داری ہوگی۔ ریکھا گپتا کا تعلق ویشیا برادری سے ہے، جو دہلی میں تقریباً 8 فیصد ہیں۔ ویشیا برادری کو بی جے پی کا بنیادی ووٹر سمجھا جاتا ہے۔ ریکھا گپتا دہلی بی جے پی کی جنرل سکریٹری اور بی جے پی مہیلا مورچہ کی قومی نائب صدر بھی ہیں۔
ریکھا گپتا کی تعلیم کے بارے میں بات کریں تو انہوں نے ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی ہے۔ ریکھا گپتا کی پیدائش 1974 میں نند گڑھ گاؤں، جولانہ سب ڈویڑن، جند ضلع، ہریانہ میں ہوئی۔ وہ بچپن میں اپنے والد کے ساتھ دہلی آئی تھیں۔ طالب علمی کے دوران ہی اے بی وی پی کے ذریعے سیاست میں قدم رکھا۔ وہ دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کی سکریٹری رہ چکی ہیں۔ ریکھا گپتا کے والد اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں منیجر تھے۔ اس ملازمت کے دوران ان کے والد خاندان کے ساتھ دہلی شفٹ ہو گئے۔ ریکھا گپتا نے شالیمار باغ اسمبلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کی امیدوار وندنا کماری کو شکست دے کر دہلی اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ریکھا گپتا کو کل 68200 ووٹ ملے جبکہ اے اے پی کی وندنا کماری 38605 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ یہاں کانگریس کے پروین کمار جین 4892 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔