تاثیر 16 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،16مارچ : ڈومیسٹک کرکٹ میں تمام فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تجربہ کار بلے باز کرون نائر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی اچھی فارم کو جاری رکھتے ہوئے اپنی ٹیم دہلی کیپٹلز کو پہلا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
نائر گھریلو کرکٹ میں ودربھ کے لیے ایک اہم کھلاڑی ثابت ہوئے۔ 50 اوور کے فارمیٹ میں کھیلی گئی وجے ہزارے ٹرافی میں انہوں نے نو میچوں میں 389.50 کی اوسط سے 779 رنز بنائے جس میں پانچ سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل تھی۔ انہوں نے رنجی ٹرافی میں بھی اپنی فارم کو جاری رکھا اور 57.33 کی اوسط سے 860 رنز بنائے جس میں چار سنچریاں شامل تھیں۔ انہوں نے کیرالہ کے خلاف رنجی ٹرافی کے فائنل میں ناقابل شکست 132 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو چمپئن بننے میں اہم کردار ادا کیا۔ دہلی کیپٹلس نے انہیں آئندہ آئی پی ایل سے قبل 50 لاکھ روپے میں خریدا۔