اکشے کمار کی ‘کیسری-2’ کی کمائی میں اضافہ، 10ویں دن 8.15 کروڑ روپے جمع

تاثیر 28  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 28 اپریل :بالی ووڈ کے کھلاڑی کمار یعنی اکشے کمار ان دنوں اپنی فلم ‘کیسری-2’ کو لے کر سرخیوں میں ہیں۔ اس فلم کو ریلیز ہوئے تقریباً 10 دن ہوچکے ہیں اور اسے ناظرین کی جانب سے زبردست ردعمل مل رہا ہے۔ ‘ کیسری-2’ کو دیکھنے کے لیے لوگوں کا ہجوم سینما گھروں کا رخ کر رہا ہے۔ کرن سنگھ تیاگی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں اکشے کمار کے ساتھ آر مادھون اور اننیا پانڈے بھی اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔ تاریخی پس منظر پر مبنی اس فلم میں کورٹ روم ڈرامہ بھی دیکھا گیا ہے۔ دس دنوں کے اندر فلم نے باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
‘کیسری 2’ بیرسٹر سی سنکرن نائر کی زندگی پر مبنی ہے، جنہوں نے 1919 کے جلیانوالہ باغ کے قتل عام کے بعد عدالت میں برطانوی سلطنت کے خلاف بہادری سے مقابلہ کیا۔ یہ فلم 18 اپریل کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کے بعد سے اسے شائقین کی جانب سے زبردست رسپانس مل رہا ہے۔ نویں دن ‘ کیسری-2’ نے 7.20 کروڑ روپے کا بزنس کیا اور دسویں دن اس کی کمائی میں مزید اضافہ ہوا۔ ساکنلک کی رپورٹ کے مطابق فلم نے 10ویں دن تقریباً 8.15 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔ اب تک ‘ کیسری 2’ کی کل کمائی 65.94 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ یہ فلم باکس آفس پر سنی دیول کی فلم کو سخت مقابلہ دیتی نظر آرہی ہے۔