وقف بچاؤ تحریک میں اہالیان دربھنگہ کی کاوشوں اور جدو جہد کو سلام: قاضی ارشد رحمانی

تاثیر 1 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضا امام)- 29/جون کو پٹنہ کے گاندھی میدان میں منعقد وقف بچاؤ دستور بچاؤ کانفرنس میں حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی آواز پر جہاں پورے بہار اڈیشہ جھارکھنڈ ومغربی بنگال سے لاکھوں لوگوں نے شرکت کی وہیں دربھنگہ کے لوگوں نے ہزاروں ہزار کی تعداد میں شریک ہوکر تحفظ اوقاف کی تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا، 2/جون سے مسلسل جن لوگوں نے اس تحریک کی کامیابی کے لئے محنت و کاوش کی اور پٹنہ کے گاندھی میدان کو بھرنے کے لئے مصروف عمل رہے ان کی کاوشوں کو سلام ان کی محنتوں اور ان کی جانی مالی قربانیوں کو سلام، یہ باتیں مفتی ارشد علی رحمانی قاضی شریعت دار القضاء امارت شرعیہ مہدولی دربھنگہ نے اہالیان دربھنگہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پریس کے لئے جاری اپنے بیان میں کہیں، موصوف نے کہا کہ مسلمانان دربھنگہ نے وقف بچاؤ دستور بچاؤ کانفرنس کی کامیابی کے لئے جس طرح محنت کی اس کے شکریہ کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں بس یہ کہہ سکتا ہوں کہ اللّٰہ تعالیٰ سبھوں کو اپنی شان کے مطابق بہتر بدلہ عطا فرمائے، اور سب کی محنتوں کو قبول فرمائے ۔موصوف نے کہا کہ خصوصی طور پر شکریہ کے مستحق ہیں تنظیم امارت شرعیہ دربھنگہ کے جنرل سکریٹری  شہر دربھنگہ تنظیم کے ذمّہ داران اور تنظیم امارت شرعیہ کے تمام بلاک کے صدور وسکریٹری تمام ملی تنظیموں کے ضلعی سربراہان علماء  کرام ائمہ حضرات اور دانشوران قوم وملت جن کی انتھک کوششوں سے ہزاروں لوگ دربھنگہ سے کانفرنس میں شریک ہوئے اور ایک ساتھ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی تجویز اور امارت شرعیہ بہار اڈیشہ جھارکھنڈ ومغربی بنگال کے علاوہ تمام ملی تنظیموں کی آواز کو مضبوط بنانے کا فریضہ انجام دیا، اللّٰہ تعالیٰ سب کو شاد و آباد رکھے آمین۔قاضی صاحب نے کہا کہ یقیناً لوگوں کو جانے آنے اور دیگر انتظامی امور میں دشواری ہوئی ہوگی میں امارت شرعیہ کے خادم ہونے کی حیثیت سے دشواریوں کے لئے معذرت خواہ ہوں اور امید کرتا ہوں کہ لوگ ان دشواریوں کو بھلا کر اللّٰہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے آئندہ بھی تحریک کو مضبوط کرنے میں اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے ۔میں ایک مرتبہ پھر پورے دربھنگہ کے مسلمانوں صحافیوں اور امن پسند برادران وطن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں اور ان کی صحت وعافیت کے لئے دعا گو ہوں، اللّٰہ تعالیٰ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور اوقاف کی حفاظت فرمائے آمین ۔