مرکزی حکومت ووٹر لسٹوں میں ردوبدل کے ذریعے بہار میں انتخابات جیتنا چاہتی ہے :فاطمی

تاثیر 1 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام): آر جے ڈی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر محمد علی اشرف فاطمی نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند نے الیکشن کمیشن کا استعمال کرکے جس طرح مہاراشٹر کے انتخابات کو متاثر کیا، وہ بہار کے انتخابات میں بھی ایسا ہی کرنا چاہتی ہے، جس کی ہم سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔ حکومت ہند کی نیت ٹھیک نہیں، وہ الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال کر یہ کام کروانا چاہتی ہے۔جناب فاطمی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس قدم کی وجہ سے اگر غریب، دلت، انتہائی پسماندہ، اقلیتیں الیکشن کمیشن کو ملنے والی سرکاری سہولیات کو ثابت نہیں کر پاتے ہیں تو ان کے ناموں کو حذف کر دیا جائے گا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ یہ 2003 کے معیار کے مطابق ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن اسے واپس لے اور منصفانہ انتخابات کرائے۔انہوں نے کہا کہ بہار انتخابات کے لئے این ڈی اے کے پاس کوئی چہرہ نہیں ہے۔ این ڈی اے میں رسہ کشی ہے۔ چراغ پاسوان خود وزیر اعلیٰ بننا چاہتے ہیں۔ بی جے پی میں بہت سے لوگ سی ایم بننا چاہتے ہیں۔ سبھی جانتے ہیں کہ نتیش کمار کی صحت ٹھیک نہیں ہے۔ یہ تمام لوگ نتیش کمار کو سائیڈ لائن کرنا چاہتے ہیں۔ جناب فاطمی نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں مہاگٹھ بندھن کو این ڈی اے سے صرف بارہ ہزار ووٹ کم ملے تھے۔ اسی خوف کی وجہ سے مرکزی حکومت ووٹر لسٹ سے ووٹ کاٹ کر الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔ ہمیں اس کی مخالفت کرنی ہوگی۔پریس کانفرنس میں سابق ایم ایل اے رامنیواس پرساد، سابق ایم ایل اے ڈاکٹر فراز فاطمی، کسان سیل کے ضلع صدر رام چندر یادو، راشد جمال، انیل سنگھ، عارف جیلانی وغیرہ موجود تھے۔