ناگپور میں موسلا دھار بارش سے نظام زندگی متاثر

تاثیر 9 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 9 جولائی:ناگپور اور اس کے نواحی علاقوں میں موسلا دھار بارش نے زندگی کے معمولات کو متاثر کر دیا ہے، جہاں بدھ کی صبح سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ رپورٹوں کے مطابق شہر میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 80 سے 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے سبب نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور کئی سڑکیں زیر آب آ گئیں۔
صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ناگپور کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر وپن ایتنکر نے احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام اسکولوں اور کالجوں کو بدھ کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اسکولوں کی بندش کا فیصلہ طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
علاقائی موسمیاتی مرکز نے مطلع کیا ہے کہ ناگپور اور بھنڈارا میں کہیں کہیں گرج چمک اور طوفان کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔