تاثیر 9 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 9 جولائی:معروف اداکارہ عالیہ بھٹ کی سابق نجی اسسٹنٹ ویدیکا پرکاش شیٹی کو بالآخر بنگلورو سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جوہو پولیس نے پانچ ماہ کی تلاش کے بعد یہ گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کیا۔ ویدیکا پر الزام ہے کہ انہوں نے عالیہ کے پروڈکشن ہاؤس ’ایٹرنل سنشائن پروڈکشنز پرائیویٹ لمیٹڈ‘ اور ان کے ذاتی اکاؤنٹس سے تقریباً 77 لاکھ روپے کا مالی دھوکہ دہی کی، جس کا وقت مئی 2022 سے اگست 2024 کے درمیان بتایا گیا ہے۔
اس فراڈ کا انکشاف عالیہ کی والدہ سونی رازدان کی جانب سے دی گئی شکایت کے بعد ہوا، جس پر جوہو پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔ پولیس افسران کے مطابق اس کیس میں مزید سنسنی خیز حقائق سامنے آ سکتے ہیں، اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔ عالیہ یا ان کی ٹیم کی طرف سے ابھی تک اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

