تاثیر 30 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس کے ضلع ہیڈکوارٹر سہسرام میں پرانی جی ٹی روڈ پر ٹریفک جام کا مسئلہ اب بھی انتظامیہ کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے ۔ ناجائز تجاوزات،غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک قوانین سے لاعلمی شہر کو برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتا۔ جہاں چند منٹوں کا فاصلہ گھنٹوں میں طے کرنا پڑ رہا ہے، انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ پوسٹ آفس چوراہا، کچہری موڑ، کالی استھان، دھرم شالا موڑ اور سہسرام کے گورکچھنی جیسے اہم مقامات پر ہر روز صبح 10 بجے سے خوفناک جام لگتا ہے، مذکورہ سڑک پر پیدل چلنا بھی مشکل ہو جاتا ہے ۔ آج ضلع انتظامیہ کے ٹریفک نظام کی حقیقت اس وقت کھل کر سامنے آئی جب خود ضلع کلکٹر ادیتا سنگھ کی گاڑی اس جام میں پھنس گئی، انہیں اپنی رہائش گاہ سے کلکٹریٹ تک ایک کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے میں آدھے گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا، ٹریفک پولس اورانکے محافظوں کو انہیں جام سے نکالنے کیلئے سخت محنت اور پسینہ بہانا پڑا جبکہ جام سے چھٹکارا پانے کیلئے انتظامیہ نے ماضی میں متعدد بار تجاوزات ہٹانے کی مہم چلائی ہے، غیر قانونی پارکنگ کے چالان بھی جاری کئے گئے لیکن مانیٹرنگ نہ ہونے کی وجہ سے اب تک کی تمام مہم ناکام ہے ۔ سڑک کے کنارے غیر قانونی دکانوں، گاڑیوں اور بے دریغ کھڑی گاڑیوں پر انتظامیہ کا کوئی اثر نظر نہیں آتا ۔

