لائنز کلب نے سی پی ایس میں مہدی مقابلے کا کیا انعقاد

تاثیر 09 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

چھپرہ9 اگست(نقیب احمد) لائنز کلب آف چھپرہ نے سنٹرل پبلک اسکول میں مہدی مقابلے کا انعقاد کیا۔جس کا مقصد طالبات میں تخلیقی صلاحیتوں،فنکارانہ اور ثقافتی دلچسپی کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔اس مقابلے میں پانچویں سے 12ویں جماعت کی 200 سے زائد طالبات نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور اپنے فن کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔
مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء کو گولڈ،سلور اور کانسی کے تمغوں کے ساتھ سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔لائینز کلب کے صدر ڈاکٹر سندیپ کمار سنگھ،ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر وکاش کمار سنگھ،پی آر او اشونی کمار پرمار،ممبر ڈاکٹر اشوک سنگھ،سی پی ایس گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر ہریندر سنگھ کی باوقار موجودگی سے پروگرام کی رونق بڑھی۔سیما مشرا،پرکاش سریواستو،اویناش پانڈے اور شیو شنکر کمار نے جیوری کا کردار ادا کیا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سی پی ایس گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر ہریندر سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے مقابلے نہ صرف طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ ان میں خود اعتمادی اور ثقافتی تعلق کا احساس بھی پیدا کرتے ہیں۔مجھے فخر ہے کہ ہمارے اسکول کے طلباء نے اتنے پرجوش انداز میں حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔کلب کے صدر ڈاکٹر سندیپ کمار سنگھ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں مثبت اور تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کلب ہمیشہ پرعزم ہے۔آج کے مقابلے نے ثابت کر دیا ہے کہ ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم ملے تو وہ سامنے آتا ہے۔تمام شرکاء مبارکباد کے مستحق ہیں۔