تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 12 ستمبر: بہتر مالیاتی انتظام کی وجہ سے بہار کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ یہ ملک کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی ریاستوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ ریاستی پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری نے جمعہ کے روز یہ باتیں کہیں۔پٹنہ میں صحافیوں سے بات چیت میں پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ بہار نے گزشتہ سال 2024-25 میں غیر معمولی اقتصادی ترقی کی ہے۔ ریاستوں کی مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار کے بارے میں حال ہی میں قومی شماریاتی دفتر (این ایس او) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بہار نے قومی اوسط 9.8 فیصد کے مقابلے میں 13.9 فیصد کی قابل تعریف ترقی کی شرح حاصل کی ہے۔وجے چودھری نے کہا کہ بہار کی اقتصادی ترقی تمل ناڈو کو چھوڑ کر ملک کی تمام ریاستوں سے زیادہ تیز رہی ہے۔ اس کے ساتھ اب فی کس ا?مدنی بھی گزشتہ سال 68,624 روپے سے بڑھ کر 76,490 روپے ہو گئی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ تاریخ میں پہلی بار بہار کی معیشت میں صنعتی شعبے کا حجم زرعی شعبے سے بڑا ہوا ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہاں کی معیشت میں معیاری تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔

