تاثیر 7 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
برمنگھم، 7 نومبر: ایسٹن ولا نے جمعرات کو یوروپا لیگ میں اسرائیلی کلب مکابی تل ابیب کو 2-0 سے شکست دی۔ یہ مقابلہ سخت سیکورٹی کے درمیان ہوا،جس میں ممکنہ مظاہروں کے پیش نظر حفاظت کے لیے 700 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔
پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں مورگن راجرز نے آین ماٹسن کوپاس دیا، جنہوں نے مشکل زاویہ سے گول کرکے ولا کو برتری دلادی۔ اس کے بعد 60ویں منٹ میں ڈونیل مالن نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کر کے ٹیم کی برتری 2-0 کردی۔ یہ ولا کی ٹورنامنٹ میں تیسری جیت رہی۔
سیاسی تنازعات اور سیکورٹی کشیدگی:
ولا پارک میں ہونے والا یہ میچ سیاسی تنازعہ کا مرکز بن گیا کیونکہ مکابی تل ابیب کے شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے پر پابندی لگا دی گئی۔ ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے میچ کو “ہائی رسک” قرار دیا اور گزشتہ سال ایمسٹرڈیم میں میکابی اور ایجیکس کے درمیان ہونے والے پرتشدد واقعے کا حوالہ دیا۔
اس پابندی کو برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر سمیت بہت سے لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے اسے “غلط فیصلہ” قرار دیا۔
احتجاج اور گرفتاریاں:
میچ سے قبل 200 کے قریب مظاہرین، جن میں فلسطینی یکجہتی مہم کے ارکان بھی شامل تھے، ولا پارک کے قریب جمع ہوگئے۔ انہوں نے فلسطینی پرچم لہرائے اور بائیکاٹ کے بینرز اٹھائے اور غزہ کی حمایت میں نعرے لگائے۔
چھ افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں ایک 21 سالہ شخص بھی شامل ہے جس نے اپنا ماسک ہٹانے کے احکامات کی خلاف ورزی کی تھی اور ایک 17 سالہ نوجوان جس نے منتشر کرنے کے حکم کی خلاف ورزی کی تھی۔ موقع پر پولیس نے اسرائیلی پرچم لہرانے پر بھیڑ کو قابو کرنے کے لئے کارڈن بنایا۔
میچ شروع ہونے سے پہلے، پانچ گاڑیوں پر لگے الیکٹرانک بل بورڈزاینٹی سیمنٹزم (یہود مخالف)کے خلاف پیغامات آویزاں تھے۔

