تاثیر 15 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتہ، 15 اپریل:مغربی بنگال الیکشن2026 کے انتخابات کے دوران ترنمول کانگریس نے الیکشن کمیشن کے خلاف باضابطہ شکایت درج کراتے ہوئے سنگین الزامات لگائے ہیں۔ پارٹی کا الزام ہے کہ اس کے رہنماؤں اور ان کے اہل خانہ کی گاڑیوں کی تلاشی کے لیے واٹس ایپ گروپس کے ذریعے ہدایات جاری کی گئیں۔
ترنمول کانگریس نے کمیشن کو جمع کرائی گئی اپنی تحریری شکایت میں دعوی کیا ہے کہ وزیر اعلی ممتا بنرجی کے علاوہ پارٹی کے دیگر تمام رہنماؤں کی گاڑیاں چیک کرنے کو کہا گیا ۔ پارٹی کے مطابق، مبینہ ہدایت میں لوک سبھا کے رکن اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی اور ان کی اہلیہ روجیرا نرولا بنرجی کی گاڑیوں کی تلاشی کا بھی ذکرکیا گیا ہے۔
منگل کو ترنمول کانگریس نے مبینہ وٹس ایپ چیٹ کے اسکرین شاٹس کو عوامی بھی کیا ۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ ہدایات اس بنیاد پر جاری کی گئی تھیں کہ کمیشن کو شبہ ہے کہ ابھیشیک بنرجی کی اہلیہ کے ذریعے منی ٹریل کا امکان ہو سکتا ہے۔
جاری کردہ اسکرین شاٹ کے مطابق، کمیشن نے مبینہ طور پر پولیس اور مرکزی مسلح افواج کو مبصرین کے ساتھ “اچانک جانچ” کرنے اور دن بھر مختلف چوکیوں پر ترنمول رہنماؤں کی گاڑیوں کی تلاشی لینے کی ہدایت کی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ کنٹرول روم سے ان تفتیشی کارروائیوں کی نگرانی کی جائے۔
ترنمول کانگریس کا الزام ہے کہ اس کے رہنماؤں، وزراء اور ان کے خاندان کو انتخابات سے ٹھیک پہلے اس طرح کی ہدایات کے ساتھ نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پارٹی نے یہ بھی کہا کہ اس کے تعلقات عامہ اور مہم کے پروگراموں میں خلل ڈالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

