خراب موسم کی وجہ سے دارجلنگ نہیں پہنچے امت شاہ ، ویڈیو پیغام میں کہا کیا جائے گا گورکھا مسئلے کا حل

تاثیر 15 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتہ، 15 اپریل: مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما امت شاہ کا دارجلنگ کا دورہ خراب موسم کی وجہ سے متاثر ہوا۔ وہ ہوائی جہاز کے ذریعے باگڈوگرا پہنچے تھے لیکن وہاں سے ہیلی کاپٹر کو پرواز کی اجازت نہیں ملنے کے سبب لیبونگ میں اجلاس کے مقام پر نہیں جا سکے ۔ اس کے بعد وہ مالدہ کے لیے روانہ ہوئے جہاں سے انہوں نے تقریبا سات منٹ کا ویڈیو پیغام جاری کیا اور مہم چلائی۔
بدھ کو امت شاہ کو دارجلنگ اور کارسیانگ اسمبلی حلقوں میں بی جے پی امیدواروں کی حمایت میں عوامی جلسوں سے خطاب کرنا تھا۔ پروگرام کی جگہ پر نہیں پہنچ پانے کے سبب انہوں ے ویڈیو پیغام کے ذریعہ سے ہی اپنی بات رکھی۔
اپنے پیغام میں مرکزی وزیر داخلہ نے ٹی ایم سی حکومت پر “بدانتظامی” کا الزام لگایا اور کہا کہ انہوں نے پوری ریاست کا دورہ کیا ہے اور اس بار بی جے پی مغربی بنگال میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ مہم کے لیے 21 اپریل کو سکھنا میں ہوں گے۔