تاثیر 15 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 15 اپریل:سالانہ امرناتھ یاترا کے لیے رجسٹریشن کا عمل بدھ کے روز شروع ہوتے ہی جموں میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد رجسٹریشن مراکز پر امڈ آئی۔ حکام کے مطابق رجسٹریشن آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے جاری ہے۔
یہ 57 روزہ یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 28 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔ یاترا روایتی 48 کلومیٹر طویل ننون-پہلگام راستے (اننت ناگ) اور 14 کلومیٹر مختصر مگر دشوار گزار بالتل راستے (گاندربل) سے مکمل کی جائے گی۔پنجاب نیشنل بینک کے جموں سرکل ہیڈ ڈی جی ایم پنکج کمار ورما نے بتایا کہ یاترا کے لیے رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور بینک شاخوں پر کافی رش دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 556 بینک شاخیں رجسٹریشن کے عمل میں شامل ہیں، جن میں 310 شاخیں پنجاب نیشنل بینک کی ہیں جبکہ جموں میں چھ خصوصی کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔جموں میں جے کے بینک اور دیگر بینکوں کی شاخوں پر صبح سویرے سے ہی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں، جہاں عقیدت مند رجسٹریشن کے لیے مقررہ وقت سے پہلے پہنچ گئے تھے۔یاتریوں کا کہنا ہے کہ وہ یاترا کے پہلے قافلے میں شامل ہو کر درشن کرنا چاہتے ہیں۔ کئی عقیدت مندوں نے کشمیر میں بہتر حالات اور سہولیات میں اضافے کو یاترا کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔حکام کے مطابق جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے پیش نظر اس سال یاتریوں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو مزید سہل بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

