شادی کے تقریب کے دوران مار پیٹ و سنگ باری خواتین سمیت کئی افراد زخمی زیرِ علاج

تاثیر 18 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفیٰ) سنگھواڑہ تھانہ علاقہ کے بھپوڑہ گاؤں میں جمعہ کی دیر شام ایک شادی کی تقریب کے دوران اس وقت افرا تفری مچ گئی، جب بلوکی اور برہم پوجا کے لیے نکلی خواتین اور لڑکیوں پر شرپسندوں نے حملہ کر دیا۔ الزام ہے کہ حملہ آوروں نے پہلے لاٹھی، ڈنڈوں اور راڈ سے مارپیٹ کی، پھر چھت پر چڑھ کر اینٹ اور پتھر برسائے۔
اس واقعہ کے سلسلے میں متاثرہ شیام ساہو نے گاؤں کے ہی آنگن واڑی سیوکہ کامنی کماری کے شوہر پرشورام ساہ عرف دلیپ ساہ، سریش ساہ، رشی ساہ، روی ساہ، راہل ساہ اور رجت ساہ کے خلاف نامزد ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ شیام ساہو کا الزام ہے کہ ان کے بیٹے سمن کمار کی بارات 17 اپریل کو کمتول تھانہ علاقہ کے برہم پور جانے والی تھی۔ بارات نکلنے سے پہلے گھر کی خواتین، لڑکیاں اور بچے دولہے کے ساتھ برہم پوجا اور بلوکی کے لیے گاؤں میں گھوم رہے تھے۔ اسی دوران شام تقریباً 6:15 بجے برہم استھان کے پاس گھات لگا کر بیٹھے ملزمان نے اچانک حملہ کر دیا۔
اس حملے میں آرتی کماری کے سر اور کندھے پر شدید چوٹ آئی، جبکہ نیتو دیوی اور بیجناتھ ساہ سمیت کئی لوگ زخمی ہو گئے۔ الزام ہے کہ مارپیٹ کے دوران ایک ملزم نے نازیبا حرکت کرتے ہوئے گلے سے تقریباً 18 گرام سونے کا ہار چھین لیا۔ واقعہ کے دوران شرپسند چھت پر چڑھ گئے اور وہاں سے مسلسل اینٹ اور پتھر پھینکتے رہے، جس سے دولہے کی بگھی بھی نقصان زدہ ہو گئی۔ آس پاس کے لوگ جمع ہوئے تو تمام ملزمان گھر میں چھپ گئے اور بعد میں فرار ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، تب جا کر صورتحال قابو میں آئی۔ زخمیوں کو مقامی لوگوں کی مدد سے سنگھواڑہ سی ایچ سی میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ تھانہ انچارج بسنت کمار نے بتایا کہ معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری کی جا رہی ہے