تاثیر 23 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مظفر پور ( نزہت جہاں)
ریاستی حکومت کے محکمۂ شہری ترقی و ہاؤسنگ نے مظفرپور میں شہری توسیع کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ جاری کردہ حکم کے مطابق مجوزہ سیٹلائٹ ٹاؤن شپ کے لیے نشان زد “خصوصی علاقہ” اور کور ایریا میں ماسٹر پلان کی باضابطہ منظوری تک زمین کی خرید و فروخت اور کسی بھی نئی تعمیر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی فوری طور پر نافذ ہوگی اور 30 جون 2027 تک برقرار رہے گی۔
پاناپور حویلی علاقے میں تقریباً 472 ایکڑ زمین پر گرین فیلڈ ٹاؤن شپ قائم کرنے کی منصوبہ بندی شروع کی جا چکی ہے۔ اس میں رامپور شاہ، شیام پور بھوج، رائے پورا اور بنگڑا سمیت کئی ریونیو گاؤں شامل ہیں، جہاں ایریل سروے مکمل کر کے رپورٹ محکمہ کو بھیج دی گئی ہے۔ یہ مجوزہ ٹاؤن شپ پاناپور حویلی میں ایئرپورٹ سے تقریباً 3 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ ساتھ ہی ترکی–مدھول–کانٹی فورلین کے قریب ہونے کی وجہ سے اس کی کنیکٹیویٹی کو انتہائی مضبوط سمجھا جا رہا ہے۔ محکمہ کی نظر اب مڑون بلاک پر بھی ہے، جہاں نئی ٹاؤن شپ کے لیے زمین کی نشاندہی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہاں بہتر منصوبہ بندی اور توسیع کے زیادہ امکانات موجود ہیں۔ اس مجوزہ علاقے کو “کور ایریا” کے طور پر نشان زد کر کے ماسٹر پلان 2041 میں شامل کیا گیا ہے، تاکہ مستقبل میں شہری ترقی کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ نشان زد علاقوں میں کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری یا تعمیر شروع کرنے سے پہلے محکمہ کی باضابطہ نوٹیفکیشن کی تصدیق ضرور کریں، تاکہ مستقبل میں کسی قانونی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔مجموعی طور پر یہ فیصلہ مظفرپور کے مستقبل کے شہری ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور منظم ترقی کو یقینی بنانے کے لیے لیا گیا ہے۔

