جنکشن پر پھر آگ، تین دن میں دوسری واردات سے افرا تفری

تاثیر 23 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مظفرپور، (نزہت جہاں)
 مظفر پور جنکشن پر جمعرات کی علی الصبح اچانک آگ لگنے سے اسٹیشن احاطہ میں کچھ دیر کے لیے افرا تفری مچ گئی۔ ذرائع کے مطابق اسٹیشن کے مغربی سمت میں واقع نئے فٹ اوور برج کے نیچے قائم ٹی وی سرور روم میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ واقعہ کے مقام کے قریب واقع ویٹنگ روم میں اس وقت بڑی تعداد میں مسافر موجود تھے۔ آگ سے اٹھنے والے گھنے دھوئیں نے مسافروں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا اور لوگ گھبرا کر ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریلوے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے کی کوشش شروع کی، جس سے جلد ہی آگ پر قابو پا لیا گیا اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے محض تین دن قبل ہی جنکشن کے ریزرویشن دفتر میں بھی شارٹ سرکٹ کے سبب آگ لگ چکی ہے۔ مسلسل پیش آ رہی ان وارداتوں نے ریلوے کی سیکیورٹی اور برقی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اس سے قبل بھی اسٹیشن پر کئی بار آگ لگنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن میں سگنل سرور میں شارٹ سرکٹ، پرانے پینل کے پاس ڈیزل گرنے سے آگ، پلیٹ فارم نمبر سات کے نیچے تار بچھانے کے دوران آگ لگنا اور او ایچ ای سے ٹکراؤ کے باعث آگ شامل ہیں۔
مسافروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹیشن کی سیکیورٹی اور بجلی کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکا جا سکے۔