تاثیر 23 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 23 اپریل: مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے کاروبار میں آسانی سے متعلق اہم اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔ سرکاری تفصیلات کے مطابق، ان اصلاحات کا مقصد ہاسپیٹیلٹی صنعت کو ضابطوں میں نرمی دے کر فروغ دینا، اسٹیک ہولڈرز پر بوجھ کم کرنا اور ایک سادہ و شفاف رجسٹریشن نظام قائم کرنا ہے۔ اس ضمن میں ٹور آپریٹرز کے لیے کریکٹر سرٹیفکیٹ، بینک بیلنس اور تعلیمی قابلیت جیسے کئی لازمی دستاویزات کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔نئے نظام کے تحت ٹریول ایجنٹ رجسٹریشن کی مدت ایک سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دی گئی ہے، جبکہ مطلوبہ دستاویزات کی تعداد سات سے کم کر کے چار کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ایڈونچر اور ماؤنٹینئرنگ سرگرمیوں کے لیے علیحدہ رجسٹریشن کو ختم کر کے ایک متحدہ رجسٹریشن متعارف کرایا گیا ہے۔

