ٹھاکرگنج میں طلبہ کی قیادت میں سڑک سلامتی اور صفائی مہم چلائی گئی

تاثیر 24 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)تارا چند دھانوکا اکیڈمی، ٹھاکرگنج کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی جانب سے جمعہ کے روز ایک وسیع بیداری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام صبح 11:00 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک جاری رہا، جس میں سڑک سلامتی بیداری مہم اور سوچھ بھارت مشن کے تحت صفائی مہم شامل رہی۔ سڑک سلامتی بیداری مہم مستان چوک، مہاویر استھان، بس اسٹینڈ اور اسٹیشن موڑ جیسے اہم مقامات پر چلائی گئی۔ وہیں صفائی مہم بھات ڈھالا اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں انجام دی گئی، جہاں طلبہ و طالبات نے صفائی کے ساتھ ساتھ لوگوں کو صفائی کے تئیں بیدار بھی کیا۔ اس دوران اسکول انتظامیہ نے کہا کہ یہ طلبہ کی قیادت میں چلائی جانے والی مہم سماج میں سڑک سلامتی کے اصولوں پر عمل، صفائی کی اہمیت اور شہری ذمہ داری کے تئیں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے منعقد کی گئی ہے۔ پروگرام کے دوران طلبہ نے عام لوگوں کو محفوظ ٹریفک اصولوں پر عمل کرنے اور اپنے ارد گرد صفائی برقرار رکھنے کی ترغیب دی۔ اکیڈمی کے اساتذہ نے بتایا کہ اس طرح کے پروگرام طلبہ میں سماجی شعور اور ذمہ داری کے احساس کو مضبوط کرتے ہیں اور سماج میں مثبت پیغام پہنچانا اس کا خاص مقصد ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی تارا چند دھانوکا اکیڈمی کی جانب سے کئی بیداری مہمات چلا کر سماج کو بہتر پیغام دینے کا کام کیا گیا ہے۔