تیز آندھی و بارش سے کشن گنج–ٹھاکر گنج روڈ پر بڑے پیمانے پر تباہی، بجلی نظام درہم برہم

تاثیر 26 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کشن گنج، 26 اپریل (نامہ نگار): گزشتہ رات اچانک آنے والی تیز آندھی، موسلادھار بارش اور تیز ہوا کے باعث کشن گنج–ٹھاکر گنج روڈ پر بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سڑک پر تقریباً پچاس مقامات پر سڑک کنارے لگے درخت ٹوٹ کر گر گئے، جس سے نہ صرف آمد و رفت متاثر ہوئی بلکہ بجلی کا نظام بھی بری طرح درہم برہم ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق 33 ہزار اور 11 ہزار وولٹ کے متعدد بجلی کے کھمبے مختلف مقامات پر گر چکے ہیں، جبکہ کئی جگہوں پر بجلی کے تار بھی ٹوٹ کر زمین پر بکھر گئے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔ خاص طور پر پوٹھیا بلاک میں پورے بلاک کی بجلی غائب ہے، جسے بحال کرنے میں محکمہ بجلی کو کم از کم 24 گھنٹے یا اس سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر درخت جڑ سمیت اکھڑ گئے ہیں، جبکہ بعض جگہوں پر درختوں کی بڑی بڑی شاخیں اور ڈالیاں ٹوٹ کر سڑک پر گر گئی ہیں۔ اس کے نتیجے میں کئی مقامات پر آدھی سڑک بند ہو گئی ہے، جس سے لوگوں کو آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مسافر اور مقامی باشندے متبادل راستوں کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
ضلع پریشد امیدوار مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گرے ہوئے درختوں اور ٹوٹے ہوئے کھمبوں کو ہٹانے کا انتظام کیا جائے تاکہ آمد و رفت بحال ہو سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی اپیل کی ہے کہ سڑک کنارے لگے سرکاری درختوں کی جڑوں کو مضبوط کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں، جیسے کہ ان کی جڑوں پر مٹی ڈال کر انہیں مستحکم کیا جائے، تاکہ آئندہ آندھی اور طوفان کے دوران اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کی جانب سے فی الحال ریسکیو اور بحالی کے کام شروع کیے جانے کی اطلاعات ہیں، تاہم مکمل صورتحال معمول پر آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔