!وارڈ 40 میں تین نئے سبمرسیبل شروع، عوام کو بڑی سہولت

تاثیر 26 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مظفرپور: ( نزہت جہاں)
جھلسا دینے والی گرمی اور پانی کی قلت کے درمیان وارڈ نمبر 40 کے عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ شہریوں کو راحت پہنچانے کے مقصد سے تین نئے سبمرسیبل کامیابی کے ساتھ شروع کر دیے گئے ہیں۔ یہ سبمرسیبل مسلم کلب کے سامنے، رجک گلی اور مزار روڈ پر نصب کیے گئے ہیں، جس سے علاقے کے سیکڑوں خاندانوں کو براہِ راست فائدہ ہوگا۔
اس موقع پر وارڈ کونسلر محمد اقبال حسین نے بتایا کہ ان سبمرسیبل کو شروع کروانے کے لیے کافی جدوجہد اور مسلسل محنت کرنی پڑی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت کو ترجیح دینا ان کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں پینے کے پانی کی فراہمی سب سے بڑا چیلنج ہوتا ہے اور اس مسئلے کو حل کرنا ان کی پہلی ترجیح ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ بھی عوام کی خدمت کے لیے وہ مسلسل سرگرم رہیں گے۔ اس پروگرام میں تنویر عالم، ریاض انصاری، ساجد انور، محمد ارمان عالم، افریدی رحمان، سنجے گپتا اور ضیاء الحق سمیت کئی معزز افراد موجود تھے۔  علاقہ مکینوں نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سبمرسیبل کے شروع ہونے سے پانی کی کمی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا اور روزمرہ کی مشکلات میں کمی آئے گی۔  شدید گرمی کے بیچ یہ قدم وارڈ 40 کے لوگوں کے لیے بڑی راحت ثابت ہو رہا ہے۔