فلم ’گول مال 5‘ کی شوٹنگ شروع، اسٹار کاسٹ اوٹی میں جمع

تاثیر 27 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

روہت شیٹی کی مقبول کامیڈی فرنچائزی ”گول مال 5“ ایک بار پھر شائقین کو محظوظ کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس وقت تمل ناڈو کے اوٹی میں شوٹنگ جاری ہے۔ اس بار فلم میں اداکار اجے دیوگن کے ساتھ اکشے کمار بھی نظر آئیں گے جس سے مداحوں میں جوش مزید بڑھ گیا ہے۔

اجے دیوگن نے فلم کی ایک موشن ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں پوری اسٹار کاسٹ ایک منفرد اوتار میں دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ اس بار سفر اور تفریح دونوں پہلے سے زیادہ بڑا ہونے والا ہے۔ ویڈیو میں اجے دیوگن کے ساتھ ارشد وارثی، تشار کپور، کنال کھیمو، شرمن جوشی اور شریس تلپڑے نظر آ رہے ہیں۔

گول مال فرنچائز ی کی پہچان اس کی کامک ٹائمنگ اور کاسٹ کے درمیان مضبوط کیمسٹری رہی ہے۔ پانچویں قسط میں پرانی ٹیم کے ساتھ نئے ٹوئسٹ دیکھنے کو ملیں گے۔ یہ فلم 2027 میں ریلیز ہونے کی امید ہے اور ناظرین پہلے ہی ریلیز کی تاریخ کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔