موبائل ٹاور میں زور دار دھماکہ، علاقے میں افرا تفری — مقامی لوگوں نے بہادری دکھا کر آگ پر قابو پایا

تاثیر 30 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مظفرپور، (نزہت جہاں)
جمعرات کی صبح۔
مٹھن پورا تھانہ علاقہ کے مسکاٹ لین میں اس وقت افرا تفری مچ گئی جب ریلوے لائن کے کنارے لگے ایک موبائل ٹاور میں اچانک زور دار دھماکے کے ساتھ آگ لگ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ٹاور رنجن سنگھ کے مکان پر کسی نجی موبائل کمپنی کا تھا۔ دھماکے کی آواز سنتے ہی پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ کے شعلے دیکھ کر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کرنے لگے
اس نازک وقت میں مقامی لوگوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود ہی آگ بجھانے کی کوشش شروع کر دی۔ کافی جدوجہد کے بعد انہوں نے آگ کو کافی حد تک قابو میں کر لیا، جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور مٹھن پورا تھانہ کی ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی۔ دمکل عملے نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پا لیا۔ فی الحال آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس اور متعلقہ محکمے اس معاملے کی تفتیش میں مصروف ہیں۔  خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، تاہم اس واقعے نے علاقے میں حفاظتی انتظامات پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔