تاثیر 3 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ (فضاامام):حوصلہ مند طلبہ و طالبات ہر حال میں کامیابی حاصل کر کے ہی دم لیتے ہیں،ان کی ہر جگہ عزت اور قدر ہوتی ہے مذکورہ باتیں سنیچر کے روز سماجی فلاحی تنظیم جن کلیانکاری سح شکشا وکاس منچ کی جانب سے پلس ٹو اردو اسکول علی نگر میں منعقد پرتبھا سمّان سماروح میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے “انُوپم مہم” کی بانی محترمہ انُوپم جھا نے کہیں۔انہوں نے کہا کہ لڑکیاں اب کسی بھی شعبہ زندگی میں پیچھے نہیں رہ گئی ہیں بلکہ تعلیم کی بدولت وہ رفتار پکڑ رہی ہیں انہوں نے طالبات کو کامیابی کے موثر مشورہ سے نوازتے ہوئے کہا کہ اپنے حقوق کو اچھی طرح سمجھیں اور دستیاب مواقع کا خوب سے خوب فائدہ اٹھائیں ساتھ ہی انہوں نے خود کو باوقار اور محفوظ رکھنے کی بھی نصیحت کی صحت کو بہتر رکھنے کے لیے بھی انہوں نے کئی مفید مشورے دیتے ہوئے طالبات میں سینیٹری پیڈ بھی تقسیم کیے اور اس متعلق بھی مشورہ دیا انہوں نے تقریب کے انعقاد کے لیے منچ کے بانی اور سکریٹری ایم اے صارم کے ساتھ ساتھ ان کی پوری ٹیم کی بھرپور تعریف کی اس موقع پر بلاک ایجوکیشن آفیسر مصلح الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی صرف سچی لگن اور کڑی محنت سے ہی حاصل ہوسکتی ہے دسویں اور بارہویں جماعت میں نمایاں نمبر حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے یقیناً محنت کی ہے جس کے اعتراف میں منچ نے اس شاندار اعزازیہ تقریب کا اہتمام کیا ہے انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تعلیم کے لیے حکومت بھی سنجیدہ اور سرگرم عمل ہے جس نے بنیادی ڈھانچے،اسکولوں میں اساتذہ کی فراہمی اور طلبہ کو مختلف سہولیات کے ذریعے ان کی مسلسل بہتری اور حوصلہ افزائی کا نظم کیا ہے انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ سچی لگن اور محنت کے ذریعے کامیابی کے دروازے خود سے کھولتے رہیں۔منچ کے سکریٹری ایم اے صارم نے نظامت کرتے ہوئے کہا کہ بچے اپنی کامیابی کے لئے جانکاروں اور اپنے بڑوں کی ہدایت پر عمل کریں آگے کہا بچے سماج کی عزت،طاقت اور ملک کا مستقبل ہیں محنت کے ذریعے آپ بلندیاں حاصل کر کے کبھی تو ملک کا نام روشن کریں گے تو کبھی عوامی اور قومی سطح پر بڑے اور مثالی کام انجام دیں گے انہوں نے یقین دلایا کہ معاشی مشکلات کسی بھی ہونہار طلبہ کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے اس کے لیے منچ ہمیشہ کوشاں رہے گا۔موقع پر کل 60 طلبہ و طالبات کو معزز مہمانوں کے ہاتھوں میڈل اور توصیفی اسناد دے کر اعزاز سے نوازا گیا جبکہ اس سے قبل مہمان خصوصی محترمہ انُوپم جھا کو پاگ، چادر اور “ایوارڈ آف ایکسیلنس” سے نوازا گیا،ان کے علاوہ اسکول کی ٹیچر ڈاکٹر مونی کو بھی اسی اعزاز سے نوازا گیا ان کے علاوہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر دیو آشیش،راشٹریہ جن کلیان سوسائٹی ٹرسٹ پیرہولی کے بانی راجا رام ساہو،پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ سودھانندن جھا اور منوج کمار جھا سمیت دیگر شخصیات کو بھی اعزاز دیا گیا۔تقریب میں دیگر مقررین نے بھی طلبہ کا حوصلہ بڑھایا اور منچ کے کاموں کی پذیرائی کی،پروگرام کو کامیابی کے ساتھ ہمکنار کرنے میں منچ کے صدر نربھے یادو، نائب صدر وجے کمار دیو، منیش کمار دیو،الطاف حیدر، سابق جن ادھیکار اسٹوڈنٹ لیڈر آصف عادل،سنجیت کمار یادو،روی شنکر کمار دیو، ابھیجیت کمار دیو سمیت کئی دیگر افراد کا اہم کردار رہا.

