فخرالدین علی احمد ٹیچرس ٹریننگ کالج دربھنگہ میں دو روزہ کیریئر کاؤنسلنگ ورکشاپ کا انعقاد

تاثیر 3 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام):فخرالدین علی احمد ٹیچرس ٹریننگ کالج دربھنگہ میں دوروزہ ورکشاپ “کیرئیر کاؤنسلنگ اینڈ گائیڈنس،، و موک انٹرویو برائے جابس”کے موضوع پر منعقد کیا گیا – اس ورکشاپ کا اہتمام ڈی ایل ایڈ کی ایچ او ڈی ڈاکٹر پوجا کماری گپتا نے ڈی ایل ایڈ کورس کے طلباء و طالبات کے لیے کیا- اس موقع پر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ششی بھوشن رائے (ڈین، فیکلٹی آف ایجوکیشن، ایل این ایم یو، دربھنگہ) نے شریک ہوکر طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کی اور  انہوں نے کیر ئیر کاؤنسلنگ اور گائیڈنس سے  متعلق عملی باتیں آسان انداز میں سمجھائیں اور طلبہ کو مستقبل کے لیے تیار رہنے کی ترغیب دی۔پروگرام کی صدارت ڈی ایل ایڈ کی ایچ  او ڈی ڈاکٹر پوجا کماری گپتا نے کی، جنہوں نے موجودہ دور میں رہنمائی اور مشاورت کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور طلبہ کو بتایا کہ صحیح سمت میں آگے بڑھنے کے لیے مناسب رہنمائی کتنی ضروری ہے۔ پروگرام کی نظامت حنا فاطمہ نے انجام دی، جنہوں نے کیریئر کاؤنسلنگ کی اہمیت، انٹرویو کے دوران اعتماد، اور مؤثر ابلاغ (کمیونیکیشن اسکل) کے کردار کو واضح کیا۔اس کے بعد محمد سلمان نے کیریئر کے انتخاب سے متعلق مختلف پہلوؤں، صحیح فیصلہ سازی کے طریقوں اور آن لائن تدریس کے میدان میں موجود وسیع مواقع پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے طلبہ کو یہ بھی بتایا کہ آج کے دور میں تعلیم صرف کلاس روم تک محدود نہیں رہی بلکہ آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے بے شمار مواقع دستیاب ہیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے اور انہیں بہتر طریقے سے استعمال کرنے کی ترغیب دی۔وہیں اظہرالدین انصاری نے ایک مؤثر ریزیومے تیار کرنے کے طریقے پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ایک اچھا ریزیومے کسی بھی انٹرویو میں پہلی مثبت چھاپ چھوڑنے میں کس قدر اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے ریزیومے کے فارمیٹ، ضروری نکات اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی تفصیل سے معلومات فراہم کیں۔پروگرام کے تحت موک انٹرویو سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر پوجا کماری گپتا، ڈاکٹر کوشل کمار جھا، ونیتا سنہا، حنا فاطمہ، اظہرالدین انصاری اور محمد علقمہ نے پینل ممبران کے طور پر شرکت کی۔ اس دوران ڈی۔ایل۔ایڈ۔ کے دوسرے سال کے طلبہ کا انٹرویو لیا گیا اور انہیں عملی زندگی کے انٹرویو کے لیے قیمتی مشورے دیے گئے۔ طلبہ نے اپنے ریزیومے کے ساتھ نہایت جوش و خروش کے ساتھ اس سیشن میں حصہ لیا اور سیکھنے کا بہترین موقع حاصل کیا۔اس موقع پر کالج کے دیگر اساتذہ، جن میں ریتو جھا، مرزا ہدایت اللہ بیگ، امتیاز انصاری، محمد منت اللہ اور دیگر اساتذہ بھی موجود رہے، جن کی موجودگی نے پروگرام کو مزید کامیاب بنایا۔پروگرام کے اختتام پر منعقدہ تاثراتی سیشن میں طلبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے انہیں بہت سی نئی اور مفید معلومات حاصل ہوئیں، جو مستقبل میں کسی بھی انٹرویو کا اعتماد کے ساتھ سامنا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔آخر میں کالج کے لکچرار اسعد مدنی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام میں شریک تمام مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر سب کو مبارکباد پیش کی۔