تاثیر 9 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
چاروں ٹیم کھیلوں میں گولڈ میڈل جیت کر رچا تاریخ
سیتامڑھی: (مظفر عالم)پی ایم شری کیندریہ ودیالیہ جواہر نگر کے طلبہ نے علاقائی کھیل کود مقابلہ 2026 میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ اسکول نے جن چار ٹیم کھیلوں میں حصہ لیا، ان سبھی میں طلائی تمغہ حاصل کرکے اپنی غیر معمولی کھیل صلاحیت کا لوہا منوا لیا۔ اس تاریخی کامیابی کے بعد پورے اسکول میں خوشی اور فخر کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اسکول کو کھو-کھو انڈر-14 لڑکے، کھو-کھو انڈر-17 لڑکے، روپ اسکیپنگ طالبات اور فٹبال طالبات کے مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل ہوا۔ مقابلے میں اسکول کے کل 60 طلبہ نے حصہ لیا، جن میں سے 31 طلبہ کا انتخاب قومی سطح کے مقابلوں کے لیے کیا گیا، جو اسکول کے لیے بڑے اعزاز کی بات مانی جا رہی ہے۔ کھیل استاد روہت کمار سنگھ اور کوچ گنیش سنگھ کی بہترین تربیت اور رہنمائی میں کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ کیا۔ کھو-کھو ٹیم میں رنجیت سنگھ، شیوم اپادھیائے، امر سنگھ اور پربھاکر کمار نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ وہیں روپ اسکیپنگ اور فٹبال طالبات ٹیم نے بھی میدان میں زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے طلائی تمغہ جیت کر اسکول کا نام روشن کیا۔ ٹیم کو رضوانہ، شہناز، ارچنا اور فرحین خاتون کی خصوصی رہنمائی حاصل رہی۔
ایتھلیٹکس مقابلوں میں بھی اسکول کے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ سنجے کمار کی قیادت میں گئی 5 رکنی ٹیم نے 2 گولڈ اور 2 سلور میڈل حاصل کرکے اسکول کے اعزاز میں اضافہ کیا۔ روپ اسکیپنگ ٹیم، اکھلیش کمار کے ساتھ مقابلے میں شریک ہوئی، جہاں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 3 تمغے جیتے۔
فٹبال لڑکوں کے زمرے میں بھی اسکول کو بڑی کامیابی ملی۔ مسٹر بابولال بیروَا کے ساتھ ٹرائل کے لیے گئے دو طلبہ میں سے ایک طالب علم کا انتخاب قومی سطح کے مقابلے کے لیے ہوا، جو اسکول کے لیے ایک اور بڑی کامیابی ثابت ہوئی۔ اسکول کے پرنسپل پنکج اگروال نے اس تاریخی کامیابی پر تمام کھلاڑیوں، کوچز اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے قومی سطح کے مقابلوں کے لیے منتخب تمام طلبہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

