اردو پرائمری اسکول (گرلز) سلیم پور میں “ہمارے بچے – ہماری ذمہ داری” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

تاثیر 9 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

​والدین اور اساتذہ مل کر بچوں کا مستقبل سنواریں گے: اسمتا

بھاگلپور ( منہاج عالم)جگدیش پور بلاک کے تحت سلیم پور گرلز اردو پرائمری اسکول میں  “ہمارے بچے – ہماری ذمہ داری” کے موضوع پر ایک والدین-اساتذہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت ہیڈ مسٹریس اسمتا نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض استاد سلیم جاوید نے انجام دیے۔سیمینار کے دوران بچوں کی اسکول میں حاضری، تعلیمی معیار، گھر پر پڑھائی کا ماحول، صحت و صفائی اور اخلاقی اقدار کی نشوونما جیسے اہم نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ والدین نے اسکول کے انتظامات کی ستائش کی اور یقین دلایا کہ وہ بچوں کو باقاعدگی سے اسکول بھیجنے اور گھر پر ان کی پڑھائی میں تعاون کریں گے۔اس موقع پر ہیڈ مسٹریس اسمتا نے کہا کہ معیاری تعلیم ان کی اولین ترجیح ہے اور والدین کے تعاون سے ہی بچوں کا مستقبل روشن کیا جا سکتا ہے۔ اساتذہ اور والدین نے مل کر یہ عہد کیا کہ بچوں کی صحت، پینے کے صاف پانی اور نظم و ضبط پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔پروگرام میں بچوں نے ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے جنہیں خوب سراہا گیا۔ سیمینار میں اسکول ایجوکیشن کمیٹی کی سکریٹری بی بی تحفہ، بی بی ریشمہ، نصرت، بی بی ساجدہ، نسرین، بی بی ملکہ، نازرین خاتون، گلفشاں ناز، غفرانہ خاتون، بی بی فرحت جہاں اور رحمتی خاتون سمیت کئی والدین شریک ہوئے۔ پروگرام کا اختتام سلیم جاوید کے شکریہ کے ساتھ ہوا۔