نیٹ 2026 پیپر لیک معاملہ: ناسک کی پرنٹنگ پریس سے وابستہ شخص گرفتار

تاثیر 12 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ناسک، 12 مئی:میڈیکل داخلوں کے لیے اہم سمجھے جانے والے نیٹ 2026 امتحان کے سوالیہ پرچہ لیک معاملے میں ناسک کا چونکا دینے والا کنکشن سامنے آیا ہے۔ اس معاملے میں ناسک کی ایک پرنٹنگ پریس سے وابستہ شخص کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لے لیا ہے۔ یہ معلومات ناسک پولیس کمشنریٹ کی کرائم برانچ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کرن چوہان، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سندیپ مٹکے اور زون دو کے ڈپٹی کمشنر کشور کالے نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دی۔پولیس کے مطابق 3 مئی کو ملک بھر میں نیٹ امتحان منعقد ہوا تھا، تاہم امتحان سے پہلے ہی سوالیہ پرچہ لیک ہونے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ اس واقعے کے بعد ملک بھر کے لاکھوں طلبہ میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔ جانچ کے دوران سامنے آئی معلومات کے مطابق سوالیہ پرچہ ناسک کی ایک پرنٹنگ پریس میں چھاپا گیا تھا۔ اس کے بعد یہ پرچہ ہریانہ، راجستھان، جموں و کشمیر، بہار اور کیرالہ سمیت مختلف ریاستوں تک پہنچنے کے شبہات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ معاملے کی مزید جانچ جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید کچھ افراد سے بھی پوچھ گچھ کیے جانے کا امکان ہے۔