تاثیر 20 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ڈیگ، 20 مئی: راجستھان کے ڈیگ ضلع کے کاماں علاقے میں منگل کی شام ایل پی جی سلنڈر دھماکے کے بعد لگنے والی زبردست آگ میں ایک ہی خاندان کے سات افراد جھلس گئے۔ حادثے میں دو بچے جاں بحق ہوگئے ، جو بہن -بھائی تھے۔ دو کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ واقعہ شام 5 بجے کے قریب ڈیگ روڈ پر بس اسٹینڈ کے سامنے کولڈ ڈرنک کے گودام میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کو بھرت پور کے آر بی ایم اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران ایک بچی کی موت ہوگئی۔ زخمیوں میں سے چھ کو بعد میں جے پور ریفر کر دیا گیا، لیکن ایک اور بچہ ایس ایم ایس اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گیا۔
کاماں کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دنیش یادو نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ایکو گاڑیوں کی گیس کٹس میں کھانا پکانے کے گیس سلنڈر سے گیس بھری جا رہی تھی۔ دونوں ایکو گاڑیاں گیس کٹس سے چلتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ منموہن گاؤں میں کولڈ ڈرنک کی ایجنسی چلاتا ہے اور ان گاڑیوں کو سپلائی کے لیے استعمال کرتا ہے ۔ اس کا چچازار بھائی بھگوان سنگھ کریانہ کی دکان چلاتا ہے ۔ دونوں خاندان گودام کے اوپر ایک مکان میں رہتے ہیں ۔

