سوروپ رانی اسپتال میں ڈاکٹروں اور وکلا کے درمیان مارپیٹ

تاثیر 20 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پریاگ راج، 20 مئی: اتر پردیش کے پریاگ راج ضلع کے سوروپ رانی نہرو اسپتال میں بدھ کی صبح ڈاکٹروں اور وکلا کے درمیان ہوئے تنازعہ کی وجہ سے ہنگامہ اور مارپیٹ ہوگئی۔ اس واقعہ سے اسپتال کے احاطے میں افراتفری مچ گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔
الہ آباد ہائی کورٹ میں منعقد ہونے والے خواتین وکلا کے ٹورنامنٹ میں پریکٹس کے لیے جا رہی جھونسی کی رہائشی خاتون وکیل جاگرتی شکلا سڑک حادثے میں زخمی ہو گئیں۔ ساتھی وکلا اور طالبات انہیں علاج کے لیے سوروپ رانی اسپتال لے گئیں۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر وشال پانڈے نے الزام لگایا کہ جب وہ اسپتال پہنچیں تو ڈاکٹر موجود نہیں تھا اور علاج میں تاخیر ہو رہی تھی ۔ ڈاکٹر کو بلانے کو کہنیپرتنازعہ شروع ہوگیا۔ الزام ہے کہ ڈاکٹروں اور عملے نے گالی گلوج کرتے ہوئے مارپیٹ شروع کردی۔
خواتین وکلا کا الزام ہے کہ انہیں ہراساں کیا گیا، بال پکڑ کر گھسیٹا گیا اور حملہ کیا گیا۔ زخمی خاتون کے بھائی ابھیشیک شکلا نے الزام لگایا کہ ڈاکٹر نے اس کا موبائل فون چھین لیا، اسے دیوار پر پھینک دیا، اور ان کے ساتھ ہاتھاپائی کی ۔ انہوں نے بتایا کہ طویل علاج کے بعد زخمی خاتون کو پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔