تاثیر 21 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
تہران/واشنگٹن، 21 مئی: آبنائے ہرمز اور مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایران نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر غالیباف نے بدھ کے روز کہا کہ ہر ایرانی جنگ کے لیے تیارہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اہلکار نے کہا ہے کہ اگر ایران نے امریکی شرائط تسلیم نہیں کیں تو اسے بے مثال فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
الجزیرہ، سی بی ایس نیوز، اور فاکس نیوز کے مطابق اسپیکر غالیباف نے ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کو ایک ریکارڈ شدہ خطاب میں کہا، “ہم مضبوط ارادے کے ساتھ جنگ کے لیے تیار ہیں۔” انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ظاہری اور ڈھکے چھپے اقدامات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس نے اپنے اقتصادی اور سیاسی دباؤ کے ساتھ ساتھ اپنے فوجی اہداف کو ترک نہیں کیا ہے اور وہ کسی بھی وقت حملہ کرنے کی ہمت کر سکتا ہے۔ غالیباف نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ جواب دینے کے لیے تیار رہیں۔ ایرانی مسلح افواج نے اپنی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے جنگ بندی کی مدت کا بہترین استعمال کیا ہے۔

