ملک میں بڑھتی مہنگائی پر کانگریسحملہ آور، جے رام رمیش نے کہا – اقتصادی پالیسیوں میں بڑی تبدیلیوں کی ضرورت

تاثیر 21 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 21 مئی: کانگریس کے جنرل سکریٹری (کمیونیکیشن) جے رام رمیش نے مغربی ایشیائی بحران کی وجہ سے ملک میں پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی معیشت کی حالت اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ اب ملک کو اقتصادی پالیسیوں میں بڑی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ ہندوستانی معیشت کی حالت اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ مودی حکومت کے حامی بھی عوامی سطح پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ افراط زر کی پیش گوئیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں جبکہ ترقی کے تخمینے گر رہے ہیں، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور سپلائی چین کا انتظام اس حد تک بگڑ چکا ہے کہ وزیراعظم کو صارفین سے کھپت کم کرنے کی اپیل کرنی پڑ رہی ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ سرمایہ کاری کا ماحول انتہائی کمزور ہے اور نجی سرمایہ کاری کی شرحوں میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے اس کی کئی وجوہات بتائی جن میں حقیقی اجرت میں انجماد، صارفین کی مانگ میں کمی، پالیسی میں عدم استحکام اور ٹیکس حکام کے چھاپوں سے پیدا ہونے والے خدشات، چین سے درآمد کئے جانے والے سستے مال کی وجہ سے گھریلو صنعتوں کو نقصان، حکومت کی حمایت یافتہ حصولیابی کی وجہ سے بڑھتے ہوئے اجارہ داری کے رجحانات اور کارپوریٹ دنیا کا آزاد سرمایہ کاری کے بجائے سیاسی چندے کے ذریعہ منافع کمانے کا رجحان شامل ہیں۔