تاثیر 22 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 22 مئی: کانگریس کے جنرل سکریٹری (مواصلات) جے رام رمیش نے نیشنل اسپورٹس ڈیولپمنٹ فنڈ (این ایس ڈی ایف) کے مبینہ غلط استعمال کو لے کر حکومت اور نوکرشاہوں پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک کے سرکردہ کھلاڑیوں کی مدد کرنے کے بجائے فنڈز کا استعمال آئی اے ایس افسران کے لیے پرتعیش بنگلے اور فلاحی انجمنوں میں اسپورٹس کمپلیکس بنانے میں کیا گیا۔
جے رام رمیش نے جمعہ کو ایکس پر لکھا کہ این ایس ڈی ایف بنیادی طور پر ٹارگٹ اولمپک پوڈیم اسکیم (ٹی او پی ایس) کو مالی مدد فراہم کرتا ہے، جو کہ اولمپک سطح کے ایلیٹ ایتھلیٹس کی مدد کے لیے ایک اہم سرکاری اسکیم ہے۔ مالیاتی اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ این ایس ڈی ایف کو عطیات مالی سال 2023-24 میں 85.26 کروڑ سے کم ہو کر مالی سال 2025-26 میں صرف 37.02 کروڑ رہ گئے ہیں۔ فنڈ کا انتظام مرکزی وزیر کھیل کی زیر صدارت ایک کونسل کرتا ہے۔

