اسرائیل میں چھترپتی شیواجی مہاراج کا مجسمہ اور یادگار تعمیر ہوگی

تاثیر 07 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 7 جون:بھارت اور اسرائیل کے درمیان ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو جلد ہی نئی تقویت ملنے جا رہی ہے۔ اسرائیل میں چھترپتی شیواجی مہاراج کا مجسمہ اور ایک یادگار تعمیر کی جائے گی، جسے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی تعاون کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
اسرائیل کے قونصل جنرل یانیو ریواخ نے کہا کہ یہ اقدام بھارت اور اسرائیل کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ محض ایک ثقافتی سرگرمی نہیں بلکہ خیرسگالی کو فروغ دینے والا ایسا اقدام ہے جو دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کا مجسمہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان دوستی، تحریک اور تعاون کی مستقل علامت بنے گا۔
یانیو ریواخ نے بتایا کہ گزشتہ فروری میں وزیر اعظم نریندر مودی کے اسرائیل دورے کے بعد اس بڑے منصوبے پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس تصور سے متعلق معلومات وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے دفتر کو بھی فراہم کی گئیں، جہاں فوری ملاقات کا وقت دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ فڑنویس نے اس منصوبے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔