تاثیر 08 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 8جون: کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال کے سابق وزیر سوجیت بوس کی گرفتاری کی درخواست پر فوری سماعت سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی ضرورت پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ اس طرح کی جلد بازی کا کیا جواز ہے۔یہ معاملہ شہری ادارے کے بھرتی گھوٹالے سے متعلق ہے، جس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سوجیت بوس کو 11مئی کو گرفتار کیا۔ ان کے وکیل نے گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت میں درخواست دائر کی ہے اور اسے فوری طور پر درج کرنے کی درخواست کی ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس کرشنا راؤ نے سوال کیا کہ گرفتاری کو کالعدم قرار دینے میں اتنی جلدی کیوں کی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر گرفتاری پہلے ہی ہو چکی ہے تو اس مرحلے پر کیس میں اور کیا بچا ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ ایسی صورتحال میں متعلقہ فریق کو ضمانت کی درخواست دائر کرنی چاہیے۔اس پر وکیل نے دلیل دی کہ عرضی میں صرف گرفتاری کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا ہے کیونکہ گرفتاری کی بنیاد واضح نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل چھٹیوں کی بنچ نے ای ڈی سے تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی۔
تاہم عدالت نے واضح کیا کہ اس مرحلے پر فوری سماعت ممکن نہیں ہے اور معاملہ جولائی کے مہینے میں درج کیا جائے گا۔ عدالت نے کہا کہ مقدمے کی سماعت مقررہ عمل کے مطابق جاری رہے گی۔

