تاثیر 14 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
چندی گڑھ، 13جون:گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران گرج چمک اور تیز ہواؤں نیپنجاب کے مختلف حصوں میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ اس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور پنجاب اسٹیٹ پاور کارپوریشن لمیٹڈ کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
ابتدائی تخمینوں کے مطابق، طوفان کی وجہ سے 8,492 سے زیادہ بجلی کے کھمبے، 1,466 ٹرانسفارمرز، تقریبا 4 کلومیٹر ہائی ٹینشن کیبلز اور 220 کلومیٹر سے زیادہ لو ٹینشن تاروں کو نقصان پہنچا ہے۔ بجلی کے دیگر آلات اور ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پی ایس پی سی ایل کو تقریبا 19.54 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔اسے حالیہ برسوں کے سب سے بڑے نقصانات میں سے ایک سمجھا جا رہا ہے۔ ریاست کے سرحدی اور وسطی علاقوں میں سب سے زیادہ نقصان ریکارڈ کیا گیا ہے۔پی ایس پی سی ایل حکام کے مطابق تیز ہواؤں کی وجہ سے بڑی تعداد میں بجلی کے کھمبے، ٹرانسفارمر اور درخت اکھڑ گئے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی۔ کئی علاقوں میں لوگوں کو 10 گھنٹے سے زیادہ وقت تک بجلی منقطع رہنے کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمے کو بھی بڑی تعداد میں شکایات موصول ہوئیں۔ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ شدید طوفان کی وجہ سے 220 کے وی کی سپلائی لائنیں اور ٹرانسفارمرز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ٹیمیں مرمت کے کام میں مسلسل مصروف ہیں اور زیادہ تر متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے جبکہ باقی علاقوں میں جلد سپلائی بحال کر دی جائے گی۔

