تاثیر 16 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 15 جون ۔ ضلع راجوری کے گمبھیر مغلاں علاقے کے دوری میل جنگلات میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشن پیر کو 24ویں روز میں داخل ہو گیا، جہاں سیکورٹی فورسز بدستور بڑے پیمانے پر کارروائیاں انجام دے رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق آپریشن پہلے دن کی طرح پوری شدت کے ساتھ جاری ہے اور سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کا سخت محاصرہ کر رکھا ہے۔ فورسز جنگلات میں چھپے دہشت گردوں کا سراغ لگانے اور انہیں ہلاک کرنے کے لیے مسلسل تلاشیاں کر رہی ہیں۔
علاقے کے دیہات اور حساس مقامات پر سیکورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ جنگلاتی علاقوں میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے جنگلات سے وقفے وقفے سے شدید فائرنگ اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ فورسز دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
حکام کی جانب سے آپریشن کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، تاہم سیکورٹی ادارے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

