تاثیر 19 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 18 جون: 21 جون کو ملک بھر میں منعقد ہونے والے قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ (نیٹ) کے دوبارہ امتحان کے پیش نظر، دہلی حکومت تمام امتحانی مراکز کے باہر کولنگ زون بنائے گی۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ایک بیان میں کہا کہ دہلی میں نیٹ امتحان کے لیے کل 97 مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 69 سرکاری اسکولوں اور 28 کیندریہ ودیالیوں میں ہیں۔ ضلعی انتظامیہ ان امتحانی مراکز کے ارد گرد خصوصی کولنگ زون قائم کر رہی ہے، جہاں والدین اور رشتہ داروں کے لیے مناسب بیٹھنے، آرام کرنے اور گرمی سے نجات کی سہولت میسر ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال لاکھوں خاندان اپنے بچوں کے مستقبل کے خواب لے کر امتحانی مراکز پر پہنچتے ہیں۔ امتحان کے دوران جب امیدوار امتحانی مرکز کے اندر ہوتے ہیں، تو گھنٹوں باہر انتظار کرنے والے والدین کی پریشانی، گرمی اور تکلیف پراکثر کسی کا دھیان نہیں جاتا۔ اس پہلو کو سمجھتے ہوئے دہلی حکومت نے یہ فیصلہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے لیا ہے کہ امتحان کے دن والدین کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک اکثر دیکھا گیا تھا کہ امتحانات کے دوران والدین کبھی درخت کے نیچے سایہ ڈھونڈتے، کبھی پارک میں بیٹھ کر وقت گزارتے تو کبھی قریبی بازاروں میں گھومتے۔ کئی لوگوں کو شدید گرمی میں دیر تک کھڑا رہنا پڑتا۔ اب یہ صورت حال باقی نہیں رہے گی۔ امتحانی مراکز کے باہر ان کے لیے آرام دہ ویٹنگ کے انتظامات ہوں گے۔

