پنجاب میں سرحد پار سے اسلحے کی اسمگلنگ کا ریکیٹ بے نقاب، 11 جدید پستولوں سمیت 8 گرفتار

تاثیر 19 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

چنڈی گڑھ، 18 جون:امرتسر کمشنریٹ پولیس نے سرحد پار ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے اور 11 جدید پستولوں کے ساتھ آٹھ اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔
پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس گورو یادو نے جمعرات کو بتایا کہ گرفتار افراد گلابجیت سنگھ عرف پرنس (21) اور ہرپریت سنگھ عرف پریت (23) گرداس پور کے گاؤں ہردووال ،کلانور ساکن گرپریت سنگھ عرف گوپی (24) امرتسرکے گاؤں رنیاں ساکن کلجیت سنگھ ( 39) اور شمشیر سنگھ عرف شیرا(40) امرتسر کے گاؤن چھہرٹہ ساکن امن رانا عرف چینی (20) امرتسر کے گاؤں کیرلگڑھ ساکن شرنجیت سنگھ عرف سنی(29) اور ترنتارن کے گاؤں مالیہ کے رہنے والے اجے سنگھ (23)کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان سے برآمد ہونے والے اسلحے میں چار .30 بور (چینی ساختہ)، چار .30 بور پی ایکس 5 سٹارم، ایک .30 بور زیگانہ، ایک 9 ایم ایم گلوک (آسٹرین ساختہ) اور ایک 9 ایم ایم (آسٹرین ساختہ) سمیت آٹھ زندہ کارتوس شامل ہیں۔ پولیس ٹیموں نے ان کی موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لیں۔
ڈی جی پی گورو یادو نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ گرفتار اسلحہ اسمگلر مبینہ طور پر غیر قانونی ہتھیاروں کی سپلائی میں ملوث غیر ملکی ایجنٹوں سے رابطے میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ اسلحہ جرائم پیشہ عناصر کو سپلائی کرنا تھا، جو بھتہ خوری، پرتشدد جرائم اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کیا جائے گا۔ ڈی جی پی نے کہا کہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی شناخت اور ہتھیاروں کا پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔