تاثیر 20 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 19/ جون (تاثیر بیورو) نارا لوکیش نے کہا ہے کہ آندھرا پردیش تیزی سے ملک کی اہم ترین سرمایہ کاری منزل بن کر ابھر رہا ہے اور مالی سال 2025-26 کے پہلے نو ماہ میں بھارت میں آنے والی کل براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کا تقریباً 25 فیصد حصہ ریاست نے حاصل کیا ہے۔
یہ بات انہوں نے انڈین چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام کولکاتا میں منعقدہ ’’آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کے مواقع‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی کامیابی کی بنیادی تین اصول ہیں: رفتار، استحکام اور خدمات۔ حکومت سرمایہ کاروں کو شراکت دار سمجھتی ہے اور ہر منصوبے کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرتی ہے۔
اجلاس میں بریج بھوشن اگروال، پارتھیو وکرم نیوٹیا، کیشو بھاجنکا اور ڈاکٹر راجیو سنگھ سمیت صنعت و تجارت سے وابستہ متعدد شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین نے آندھرا پردیش کی کاروبار دوست پالیسیوں، تیز رفتار فیصلہ سازی اور صنعتی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

