تاثیر 23 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 23 جون :چھتیس گڑھ کے مہاسمد ضلع میں سرائی پالی علاقے کے بلاوڈا بیلمْنڈی ہیرا بلاک میں کیے گئے سائنسی دریافت کے دوران پانچ اعلیٰ معیار کے ہیروں کا پتہ لگایا گیا ہے جن کا مجموعی وزن تقریباً 1.22 کیرٹ ہے۔قومی معدنی ترقیاتی کارپوریشن (این ایم ڈی سی) اور چھتیس گڑھ معدنی ترقیاتی کارپوریشن (سی ایم ڈی سی) کی مشترکہ کمپنی این ایم ڈی سی-سی ایم ڈی سی لمیٹڈ نے پیر کی شام اس دریافت کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ بلاوڈا بیلمْنڈی ہیرا بلاک میں 200 ٹن معدنی مواد کی پروسیسنگ سے پانچ ہیروں کی برآمد ہوئی ہے۔ ان ہیروں کا مجموعی وزن 1.22 کیرٹ ہے۔ ماہرین اسے ایک اہم کامیابی قرار دے رہے ہیں کیونکہ اس سے علاقے میں بڑے پیمانے پر ہیرا ذخائر کی موجودگی کے امکانات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق علاقے میں اسٹریم سیڈیمنٹ سیمپلنگ، جیو فزیکل سروے اور 500 میٹر گہری ایکسپلورٹری ڈرلنگ کے بعد ممکنہ ہیرا زون کی نشاندہی کی گئی تھی۔ اس بنیاد پر 200 ٹن مواد مدھیہ پردیش کے پنا میں واقع ہیرا پروسیسنگ پلانٹ بھیجا گیا، جہاں جانچ کے دوران پانچ ہیروں کی برآمد ہوئی۔ کمپنی نے 22 جون کو جاری ایک باضابطہ خط میں اس کی تصدیق کی ہے۔
خط میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ این ایم ڈی سی-سی ایم ڈی سی لمیٹڈ کے پاس ہیروں کو محفوظ رکھنے کی سہولت موجود نہیں ہے، اس لیے تمام پانچ ہیروں کو این ایم ڈی سی کے پنا میں واقع محفوظ ذخیرہ گاہ میں رکھ دیا گیا ہے۔

